معمر شخص کی لاش 5 سال تک صوفے پر کیوں پڑی رہی؟

Published On 03 March,2021 09:59 am

میڈرڈ:(روزنامہ دنیا) سپین میں معمر شخص کی 5 سال پرانی لاش پولیس نے گھر کے صوفے سے برآمد کرلی۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ ہسپانوی جزیرے میجورکا پر واقع قصبے کیلامیلور میں پیش آیا جہاں 55 سالہ برنیٹ میسکوئیدا بارسیلو نامی شخص گھر میں اکیلا رہتا تھا، وہ اچانک غائب ہوگیا اور ہمسایوں نے نہ اس کی اطلاع پولیس کو دی اور نہ ہی خود گھر کھولنے کی کوشش کی جبکہ برنیٹ نے ہمسائے کو گھر کی ایک چابی دے رکھی تھی۔

برنیٹ کے غائب ہونے کے پانچ سال بعد ہمسایوں نے پولیس کو اطلاع دی اور جب پولیس نے اس ہمسائے سے گھر کی چابی لے کر دروازہ کھولا تو دیکھا کہ برنیٹ کا صوفے پر محض ڈھانچہ ہی پڑا تھا۔پولیس کے مطابق برنیٹ ممکنہ طور پر ڈیوجینز سنڈروم نامی عارضے کا شکار تھا، اس عارضے میں مبتلا شخص اپنی ذات سے لاپرواہ ہوجاتا ہے اور دنیا سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلیتا ہے ۔