ہیروں سے تیار کردہ لاکھوں ڈالرز مالیت کے جوتے

Last Updated On 05 November,2018 08:22 pm

شنگھائی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں جاری ’شنگھائی انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو‘ میں 10 ہزار چھوٹے چھوٹے قیمتی ہیروں سے مزین جوتے نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔

نمائش کے بعد یہ جوتے پوری دنیا کی سیر کرتے ہوئے واپس چین آئیں گے اور اس دوران دنیا کے مختلف ممالک میں تجارتی نمائشوں میں اس انوکھے اور منفرد جوتے کی نمائش کی جائے گی۔

چینی کمپنی نے یہ جوتے تقریباً 4.35 ملین ڈالر کی خطیر رقم سے خصوصی طور پر شنگھائی ایکسپو کے لیے تیار کیے ہیں اور اسی نسبت جوتے کو ’چُن کین‘ یعنی موسم بہار کی چمک کا نام دیا گیا ہے۔ چینی کمپنی کا کہنا ہے کہ جوتوں کی اس جوڑی کے لیے قیمتی ہیروں کو منتخب کیا گیا ہے اور یہ اب تک دنیا کی واحد جوتوں کی جوڑی ہوگی جسے مکمل طور پر خوبصورت ہیروں نے ڈھانپ رکھا ہے۔

واضح رہے کہ چین کے سب سے بڑے صنعتی مرکز شنگھائی میں انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو جاری ہے جس میں دنیا بھر سے معروف کمپنیاں اپنی پروڈکٹس پیش کررہی ہیں۔