مسلسل تالیاں بجانے والا خوشامدی روبوٹ تیار

Last Updated On 11 July,2018 06:41 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) تالیاں پیٹنے والے اس روبوٹ کو شاپنگ مال، اسٹور اور مصروف جگہوں کےلیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں موشن سینسرز لگے ہیں اور جیسے ہی کوئی اس کے قریب سے گزرتا ہے، یہ تالیاں بجاکر اس کی توجہ اپنی طرف مبذول کراتا ہے۔

بگ کلیپر نامی یہ مضحکہ خیز روبوٹ اس وقت انٹرنیٹ پر فنڈنگ کے مراحل سے گزر رہا ہے لیکن یہ سادہ روبوٹ مشکل وقت میں آپ کےلیے تالیاں بجا کر حوصلہ بڑھاتا ہے۔ دوسری جانب اس کی ٹماٹر نما شکل بھی لوگوں کو پسند آرہی ہے۔

اس شاندار روبوٹ کے خوش آمدید کہنے کا انداز بہت نرالا ہے اور اسے جب ایک نمائش میں پیش کیا گیا تو لوگوں نے اسے بہت سراہا۔ سب سے پہلے اسے جاپانی ڈیزائنر ماساتو تاکاہاسی نے ایک آرٹ پروجیکٹ کے طور پر پیش کیا تھا۔ پہلے اس میں انسانوں جیسے ہاتھ بنائے گئے تھے اور اب اسے تجارتی پیمانے پر تیار کرنے کےلیے انٹرنیٹ پر کراؤڈ سورس فنڈنگ کے ذریعے چندہ جمع کیا جارہا ہے۔

اسے چلانے کے بہت سارے موڈ ہیں اور حرکت محسوس کرنے والا نظام لوگوں کی آمدورفت محسوس کرکے تالی بجاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ میوزک کے لحاظ سے بھی اپنا فن دکھاتا ہے۔ ایک ایپ کے ذریعے اس کی پروگرامنگ کرکے اسے تبدیل بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس کی آنکھیں کچھ اس طرح بنائی گئی ہیں کہ جیسے یہ ہمہ وقت آپ ہی کو دیکھ رہا ہے۔ تاہم بچوں نے اسے تھوڑا ڈراؤنا بھی قرار دیا ہے۔