کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا میں کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ماں کا دودھ جہاں متعدد بیماریوں سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے، وہیں یہ امراض چشم کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے ماں کے دودھ کا آنکھوں کی بیماریوں اور خصوصی طور پر کورنیا میں ہونے والے زخم یا دوسرے مسائل پر اس کے اثرات جانچنے کیلئے تحقیق کی۔
ماہرین نے انسانی دودھ کا استعمال چوہوں پر کر کے دیکھا اور نتائج جانچے کہ ان کی آنکھوں پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں، انہوں نے نو عمر چوہوں کی آنکھوں کے کورنیا میں زخم کر کے انہیں انسانی دودھ دیا اور پھر اس کے نتائج جانچے۔
انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ کچھ ہی دنوں میں انسانی دودھ سے چوہوں کی آنکھوں کے کورنیا میں موجود زخم نہ صرف درست ہوگئے بلکہ ان میں توانائی بھی آگئی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ ماں کا دودھ بچوں کو جہاں دیگر امراض سے لڑنے کی توانائی فراہم کرتا ہے، وہیں یہ امراض چشم کیلئے بھی مفید ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ماں کے دودھ کے امراض چشم اور خصوصی طور پر آنکھوں میں ہونیوالے زخموں میں کردار کا پہلی مرتبہ انکشاف 2016 میں آیا تھا، جس کے بعد اس پر مزید تحقیق کی گئی اور اب چوہوں پر بھی اس کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ ماں کا دودھ فائدہ مند ہوتا ہے۔
ماہرین نے واضح کیا کہ ممکنہ طور پر ماں کے دودھ میں آنکھوں کے قطروں میں پائی جانے والی پروٹین جیسی خصوصیات ہونے کی وجہ سے وہ امراض چشم کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے۔