40 سال سے ننھے طلبا کو دریا پار کروانے والا چینی باشندہ

Last Updated On 19 June,2018 03:34 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) 55 سالہ چینی شخص نے انسانیت کی خدمت کی ایک زبردست مثال قائم کرتے ہوئے دنیا کو حیران کردیا، وہ روزانہ بچوں کو اپنی پیٹھ پر سوار کرکے دریا کے پار موجود سکول تک لاتا اور لے جاتا ہے اور یہ سلسلہ گزشتہ 40 برس سے جاری ہے۔

چین میں انزی گاؤں دریائے نان کے قریب واقع ہے جس کے دوسرے کنارے پر بچوں کا سکول موجود ہے۔ یہ دریا ہرسال موسمِ گرما میں پانی سے بھر جاتا ہے جسے چھوٹے بچے عبور نہیں کرسکتے کیونکہ بالغ افراد کی کمر تک پانی پہنچتا ہے اسی بنا پر ہوا چانگوئی نامی شخص روزانہ دریا کے کنارے بچوں کا انتظارکرتا ہے اور دریا میں زائد پانی کی صورت میں وہ بچوں کو خود پر سوار کر کے انہیں دوسرے کنارے تک پہنچاتا ہے۔

چانگوئی نے 15 برس کی عمر سے بچوں کو دریا پار کرانا شروع کیا تھا اور اب 40 برس بعد بھی یہ سلسلہ جاری ہے یہاں موجود بچوں نے بتایا ہر سال موسمِ بہار کے بعد سے دریا میں پانی بھرنا شروع ہو جاتا ہے جسے چھوٹے بچے عبور نہیں کرسکتے۔ بچے اس شخص کے نام سے واقف نہیں تاہم وہ اسے دریا پار کرانے والا انکل کہتے ہیں۔