چاند کی مٹی میں شیشے کی نیم شفاف گولیاں دریافت

Published On 28 February,2022 10:31 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چاند کے زمین مخالف حصے میں بھیجی گئی خود کار گاڑی نے چاند کی مٹی میں شیشے کی نیم شفاف گولیاں دریافت کی ہیں جو زمین پر پائی جانے والی کوارٹز قلموں سے مماثلت رکھتی ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چاند کے زمین مخالف رخ پر شیشے کی نیم شفاف گولیاں کس طرح بنی ہوں گی؟ اس سوال کا جواب فی الحال ماہرین کے پاس بھی نہیں۔ البتہ اس بارے میں چینی مفروضہ ہے کہ شاید آج سے تقریبا 4 ارب سال پہلے جب چاند نوجوان تھا تو یہاں آتش فشاں بھی لاوا اگل رہے تھے جبکہ بڑی تعداد میں شہاب ثاقب بھی چاند پر برس رہے تھے۔

غالباً یہ عمل اگلے کئی کروڑ سال تک جاری رہا اور شہابیوں نے چاند پر شیشے جیسے مادے سے ٹکرا کر اپنی شدید گرمی اور دباو کی بنا پر یہ شیشے کی نیم شفاف گولیاں بنا دیں۔