لاہور : ( ویب ڈیسک ) اولمپئن ریحان بٹ نے کہا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لئے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی فرنچائز لاہور قلندرز جیسے سپانسرز کی ضرورت ہے، لاہور قلندرز کا ہاکی کی بحالی میں حصہ ڈالنا ہاکی کو آکسیجن دینے جیسا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن ( پی ایچ ایف ) کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق اولمپئن ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز پی ایچ ایف کے ساتھ اسی طرح کام کرتا رہا اور ہاکی کو سپورٹ کرتا رہا تو قومی کھیل کی بحالی میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
ریحان بٹ نے کہا کہ لاہور قلندرز کا ہاکی کی بحالی میں کردار ادا کرنا پاکستان ہاکی کو آکسیجن دینے جیسا ہے،موجودہ پاکستان ہاکی کو اس طرح کے سپانسرز کی ضرورت ہے، میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کو اس بہترین اقدام پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے دیگر فرنچائز بھی آگے آئیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کراچی ہاکی ٹیم اور حارث رؤف لاہور ہاکی ٹیم کے ٹیم ایمبیسڈر بنے ہیں اس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔