لاہور : ( ویب ڈسک ) سعودی عرب میں منعقدہ 4 ملکی ویمنز فٹبال ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم پاکستان واپس پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن ( پی ایف ایف ) کے حکام نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر قومی ٹیم کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
ہارون ملک نے رواں سال کے پہلے ایونٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کیلئے منتخب سکواڈ میں تجربہ کار پلیئرز کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی شامل کیا گیا تھا، ہماری کوشش ہے کہ مرد اور خواتین فٹبالرز کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کھیلے جانے والے چار ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی ، پاکستان نے ایونٹ کے پہلے میچ میں کوموروس کو ہرایا جبکہ ماریشس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سعودی عرب کے ساتھ آخری میچ برابر رہا۔