لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی مدد کے بغیر پاکستان ہاکی کا آگے چلنا مشکل ہے، پاکستان سپورٹس بورڈ(پی ایس بی) کو پی ایچ ایف کے معاملات پر غلط گائیڈ کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ ہمیں افسوس ہے ورلڈ کپ نہیں کھیل رہے، ہم اس کے خود قصور وار ہیں ، ایشیاء کپ میں اضافی کھلاڑی میدان میں نہ ہوتا تو ورلڈ کپ کھیل رہے ہوتے، معاملے کی انکوائری کمیٹی بنائی لیکن اب انکوائری رپورٹ کے لیے خط لکھا ہے کہ اب تک کیوں نہیں بنی، قصور واروں کو سزا ملنی چاہیے۔
حیدر حسین کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کے واجبات کی عدم ادائیگی کے بھی ہم قصور وار ہیں، پی ایس بی نے اس کے واجبات ادا کرنا تھے، یہی معاہدہ ہوا تھا، تاخیر نہیں ہونی چاہیے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایکمین کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نےمعاوضے کے بغیر کام کیا۔