ملکی تاریخ کے پہلے ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

Published On 05 January,2023 01:19 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے بدھ کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ملکی تاریخ کے پہلے ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر اور پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس میں جم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منصوبے پر 70کروڑ روپے سے زائد لاگت آئیگی، یہ منصوبہ دو سال کا ہے مگر اس کو 18ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مل کر ہاکی کی ترقی کے لئے کام کررہے ہیں، دوسرا ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر فیصل آباد میں قائم کیا جائیگا کیونکہ لاہور اور فیصل آباد میں ہاکی کا بہت ٹیلنٹ ہے، ہاکی ہائی پرفارمنس سنٹر ہاکی کی بحالی کی جانب پہلا قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنٹر سے عالمی معیار کے کھلاڑی تیار ہوں گے جو دنیا کی بڑی سے بڑی ٹیم کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہوں گے۔