اولمپین سمیع اللہ خان کے مجسمہ کیساتھ منسلک ہاکی اور گیند دوبارہ چوری

Published On 24 July,2021 06:03 pm

بہاولپور: ہاکی اولمپین سمیع اللہ خان کے مجسمہ سے ایک بار پھر ہاکی اور گیند مبینہ طور پر چوری کر لی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے واقعہ کی تردید کی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے علی الصبح نئی ہاکی اور گیند دوبارہ لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بہاولپور میں چوروں نے ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند کو چوری کر لیا تھا۔

تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ملزم کو ٹیکنالوجی کی مدد سے پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم کرنے کے بعد مجسمے کے سامنے جا کر معافی بھی مانگی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستانی ہاکی کھلاڑی سمیع اللہ 6 ستمبر 1951ء کو بہاولپور میں پیدا ہوئے تھے۔ سمیع اللہ نے 1976ء کے مانٹریال اولمپکس سے 1982ء تک منعقد ہونے والے عالمی ہاکی ٹورنامنٹس کے متعدد مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔