اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی کی جانب سے کھیلوں پر پابندیوں کی نرمی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈومیسٹک ہاکی سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
اس حوالے سے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئر (ر)خالد سجاد کھوکھر سے سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے سی ای او سیکرٹری جنرل طیب اکرام چودھری بھی شریک تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپیئن آصف باجوہ نے کہا کہ انشاء اللہ ہم پی ایچ ایف ڈومیسٹک سیزن کو بہترین انداز میں ترتیب دیں گے، ہماری بھرپور کوشش ہے پی ایچ ایف کے زیر اہتمام جولائی میں ہاکی فائیو لیگ کے انعقاد کیا جائے۔
تیسرا چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ یکم سے 8 اگست تک کراچی میں کھیلا جائیگا، اس کے علاوہ ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ 8 سے 14 اگست ایوب پارک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔
مذکورہ ایونٹس میں پی ایچ ایف رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہونگیں جس میں میں واپڈا، نیشنل بینک، سوئی سدرن گیس، نیوی، ماڑی پیٹرولیم، ایئر فورس، پنجاب اور پاکستان آرمی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی کو پاکستان میں لایا جائے جس سے پاکستان کی رینکنگ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔