لاہور: (دنیا نیوز) قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین لیجنڈ اولمپین منظور جونیئر نے کہا ہے کہ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر اور سیکٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے قومی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کا عمل شروع کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کو تمام تر اختیارات سونپے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ باتیں ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہیڈ کوارٹرز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔
اولمپیئن منظور جونیئر نے کہا کہ ہر ماہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کی جانچ کی جائے گی اور معاونت کے لئے ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید بھی ہمراہ ہونگے، کھلاڑیوں کی جانچ کے لئے فزیکل فٹنس ٹیسٹ، کھیل کی مہارتوں پر عبور کے ٹیسٹ، کھلاڑی کی کھیل میں کارکردگی کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے سفارشات مرتب کی جائیں گی، چیئرمین قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم ہر ماہ تین روز کے اندر ان سفارشات کو مرتب کرکے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھجوائیں گے جس کی حتمی منظوری صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر دینگے۔
ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم اولمپین خواجہ جنید نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کو تین کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں کیٹیگری اے کو پچاس ہزار، کیٹیگری بی کو چالیس ہزار جبکہ کیٹیگری سی کو تیس ہزار روپے ملیں گے،ابتدائی طور پر پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ 20 ٹاپ کھلاڑیوں کو آفر کیا جائیگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں پی ایچ ایف پلیئرز پول میں سے ٹاپ 30 سینئر و جونیئر کھلاڑیوں کو انکی صلاحیتوں کی جانچ کے لئے بلوایا جائیگا جبکہ کھیل کی مہارتوں اور فزیکل فٹنس پر مشتمل کھلاڑیوں کے پرفارمنس سیشنز کی جانچ کے ساتھ ساتھ ویڈیو سیشن بھی کرائے جائینگے اور ٹارگٹ اسائنمنٹ بھی دی جائے گی، خواجہ جنید نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور پرفارمنس کا معیار ان کی سینٹرل کنٹریکٹ کیٹیگری کا فیصلہ کرے گا، کھلاڑیوں کی جانچ ہر ماہ کی جائیگی اور پی ایچ ایف سینٹرل کنٹریکٹ میں صرف کارکردگی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔