چوروں نے ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے کو بھی نہیں چھوڑا

Published On 18 July,2021 06:27 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) بہاولپور میں چوروں نے ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ خان کے مجسمے کو بھی نہیں چھوڑا۔ ان کے مجسمے سے ہاکی اور گیند چوری کر لی گئی۔ قومی ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔

بہاولپور پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ بہاولپور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں تقریباً ایک ماہ قبل ہاکی اولمپیئن سمیع اللہ کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔ واقعہ کے بارے میں میڈیا کو بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو دن قبل چوروں نے گیند کو چوری کیا جبکہ سنیچر کی رات کو ہاکی بھی غائب کر دی گئی۔

خیال رہے کہ پاکستانی ہاکی کھلاڑی سمیع اللہ 6 ستمبر 1951ء کو بہاولپور میں پیدا ہوئے تھے۔ سمیع اللہ نے 1976ء کے مانٹریال اولمپکس سے 1982ء تک منعقد ہونے والے عالمی ہاکی ٹورنامنٹس کے متعدد مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

تھانہ کینٹ پولیس نے شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں اور اردگرد سے معلومات لے کر تحقیقات آگے بڑھا رہی ہے۔

ڈی پی او بہاولپور نے کہا ہے کہ یہ ایک قابل مذمت ایشو ہے، پوری توجہ سے انویسٹی گیشن کی جارہی ہے۔ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سمیع اللہ خان پاکستان کے ہیرو ہیں، ان کی خدمات بے پایاں ہیں۔ کسی کو پاکستان کا نام روشن کرنے والوں کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کی یادگاروں کی بے حرمتی برداشت نہیں، ان کو تحفظ فراہم کریں گے۔