اسلام آباد: (دنیا نیوز) پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن انڈر23 ہاکی چیمپئن شپ 23 جنوری سے نیشل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گی۔
ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب محمد حفیظ بھٹی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں اور ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے نو ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور ملتان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کے لئے کھلاڑی 22 جنوری کو لاہور پہنچیں گے اور ٹورنامنٹ 5 فروری تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کے زیر اہتمام کھیلا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں محمد حفیظ بھٹی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے پنجاب بھر کے تمام ڈویژنوں میں ٹرائلز کے ذریعے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی سلیکشن کی گئی ہے اور امید ہے کہ ٹورنامنٹ میں کھلاڑی اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو ابھارنا ہے اور یہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے بہت اچھا موقع ہے کہ ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے سلیکشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت منعقد کرانے کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ٹیکنیکل آفیشلز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ایونٹ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر لیفٹینٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن ہونگے۔