ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں فنڈز کی دستیابی کے باوجود تاحال ہاکی اسٹرو سٹف کا منصوبہ شروع نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے قومی کھیل کا فروغ مشکل ہونے پر کھلاڑی بھی پریشان ہیں۔
ملتان میں سولہ سال پہلے ہاکی اسٹرو سٹف منصوبے کیلئے ڈھائی کروڑ روپے مختص کیے گئے لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر منصوبے پر کام شروع نہیں ہو سکا اور موجودہ صورتحال میں منصوبے کا تخمینہ لاگت پندرہ کروڑ پچاس لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے جس کیلئے حکومت نے مطلوبہ فنڈز فراہم کر دئیے ہیں تاہم کورونا کو جواز بنا کر سپورٹس ڈپارٹمنٹ کے حکام نے تاحال منصوبے پر کام شروع نہیں کیا۔
تاخیری حربوں کے باعث پہلے ہی منصوبے کے تخمینہ لاگت میں تیرہ کروڑ روپے کا اضافہ ہو چکا ہے لیکن اسکے باوجود متعلقہ حکام تاحال منصوبے کی تکیل کے حوالے سے سنجیدہ اقدمات کرنے کو تیار نہیں جس پر مقامی کھلاڑیوں کو بھی تشویش ہے۔
ہاکی اسٹروسٹف کا منصوبہ شروع نہ ہونے سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی کافی حدتک متاثر ہورہی ہیں جس کا کھلاڑیوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔