رافیل نیڈال کا یو ایس اوپن 2020 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 06 August,2020 09:43 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) سپینش ٹینس سٹار رافیل نیڈال نے کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال اگست میں منعقد ہونے والے ایونٹ یو ایس اوپن 2020 شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یو ایس اوپن 2020 رواں ماہ 31 اگست کو نیویارک میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔ رافیل نیڈال کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں صورتحال تشویشناک ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایسا فیصلہ ہے جسے میں کبھی نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن میں چاہتا ہوں کہ اپنی دل کی بات سنوں، اس لئے میں یو ایس اوپن میں شرکت نہیں کر سکتا۔

ادھر گھٹنے کی انجری میں مبتلا راجر فیدرر بھی ٹینس کے اس عالمی مقابلے میں اس دفعہ شرکت نہیں کر سکیں گے۔ آسٹریلین کھلاڑی ایشلے بارٹی نے بھی گزشتہ ہفتے ہی اعلان کرتے ہوئے یو ایس اوپن میں شرکت سے معذرت کر لی تھی۔