جوہانا کونٹا پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کریںگی

Last Updated On 16 July,2020 09:11 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر 252 جوہانا کونٹا نے کہا ہے کہ وہ اگست میں ڈبلیو ٹی اے ٹور دوبارہ شروع ہونے پر ابتدائی پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کریںگی۔

2019ء کے فرانچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی سیمی فائنلسٹ برطانوی کھلاڑی جوہانا کونٹا گزشتہ سال پالرمو لیڈیز اوپن کے میدان میں ومبلڈن اوپن چیمپئن سیمونا ہالیپ کے مدمقابل آئیں تھیں۔

رواں سال مارچ میں پیشہ ورانہ ٹینس ایونٹس معطل ہونے کے بعد 3 اگست سے اٹلی میں شروع ہونے والا کلے کورٹ ٹورنامنٹ ٹاپ لیول ٹینس کی واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔

ڈبلیو ٹی اے پالرمو ٹینس ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی ٹاپ 20 کھلاڑیوں میں سے پانچ اس میں شرکت کریں گی۔ جوہانا کونٹا نے رواں سال مارچ میں مونٹیری اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ کھیلا تھا جس میں ان کو جمہوریہ چیک کی میری بوزکووا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جوہانا کونٹا نے رواں ہفتے روہیمپٹن کے نیشنل ٹینس سینٹر میں جاری ڈومیسٹک پروگرس ٹور ویمن ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کی ہے۔