ماسکو: (روزنامہ دنیا) فٹبال ورلڈکپ 2018 کا سیمی فائنل مرحلہ، ٹائٹل کی جنگ یورپی ٹیموں کے درمیان ہوگی، اٹلی اور سپین کے اخبارات نے برازیل کی شکست کو یورپ کی فتح قرار دیدیا۔
برازیل کے فٹبال ورلڈکپ سے باہر ہونے سے عالمی ایونٹ صرف یورپ کا میلہ رہ گیا۔ اٹلی اور سپین کے اخبارات نے جنوبی امریکن ٹیم برازیل کی ہار کو یورپ کی فتح قراردے دیا۔ کئی اخبارات نے طنزیہ سرخیاں سجائیں اور نیمار جونیئر کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک اخبار نے تبصرے میں لکھا کہ برازیل کی ہار کی وجہ نیمار جونیئر کا حد سے زیادہ اعتماد بنا۔ ارجنٹائن، روس، میکسیکو اور برازیل کے ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد ورلڈکپ میں صرف یورپی ٹیمیں رہ گئی ہیں اور عالمی کپ کی ٹرافی بھی اس بار یقینی طور پر یورپ لے جائیگا۔