پارا چنار میں قیام امن کیلئے خصوصی پولیس فورس کی منظوری

Published On 24 December,2024 02:30 pm

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ پارا چنار روڈ کیلئے خصوصی پولیس فورس کی منظور دے دی گئی ہے۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پارا چنارروڈ محفوظ بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں، متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی کی خاطر مزید پولیس چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، علاقے کو پرامن بنانے اور ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے بنکرز اور اسلحے سے صاف کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بند کرنے کے لئے ایف آئی اے کا سیل قائم کیا گیا ہے، حکومتی اقدامات کا مقصد علاقے میں ایک صدی سے زائد تنازع کا پائیدار اور مستقل حل ہے، علاقے میں جانی و مالی نقصانات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریضوں کو پشاور پہنچانے کے لئے وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹرروزانہ کی بنیاد پر اڑان بھر رہا ہے، مجموعی طور پر تقریباً 500 افراد کو پشاور اور دیگر مقامات پر پہنچایا گیا ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بذات خود تمام معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں، قوی امید ہے فریقین میں بہت جلد امن معاہدہ پر اتفاق ہو جائے گا۔