پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی اور شہرام ترکئی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانتیں منظور کر لیں۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے کی پی ٹی آئی رہنماؤں کی حفاظتی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگ اسمبلی بھی جایا کریں، اسمبلی میں بہت سارا کام زیر التوا ہے، جب تک فیڈریشن اور متعلقہ ادارے مقدمات کی تفصیلات نہیں دیتے اس وقت تک درخواست گزار حفاظتی ضمانت پر ہیں۔
بعدازاں شہرام ترکئی ،فیصل ترکئی، شہریار آفریدی، اقبال آفریدی اور سہیل آفریدی کی حفاظتی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی گئیں اور عدالت نے حفاظتی ضمانت کی درخواستوں میں توسیع کردی، عدالت نے درخواست گزاروں کی حفاظتی ضمانت کی 21 جنوری تک منظوری دی۔
بات چیت سے ہی مسائل حل ہوں گے، سب مل بیٹھ کر بات کریں: شہرام ترکئی
دوسری جانب ممبر رکن اسمبلی شہرام ترکئی نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بات چیت سے ہی مسائل حل ہوں گے، سب مل بیٹھ کر بات کریں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ سے انصاف ملا ہے، بات چیت ہونی چاہیے، بات چیت سے ہی مسائل حل ہوں گے، ملک میں سب لوگ بیٹھ کر بات کریں، اچھی بات ہے کہ حکومت کو احساس ہوا ہے، ہمارے مطالبات اور مسائل پر دیکھتے ہیں کہ حکومت کتنی سنجیدہ ہے۔