پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے شاندانہ گلزار، جنید اکبر، آصف خان، فضل محمد خان، سلیم الرحمان ود یگر کی مقدمات کی تفصیل کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواستگزاروں کے وکلاء نے کہا کہ درخواست گزاروں نے مقدمات کی تفصیل کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہے جس پر عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے مقدمات بارے رپورٹ جمع کرادی ہے؟
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ تھوڑا ٹائم دیا جائے آئندہ سماعت پر رپورٹ جمع کرائیں گے جس پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیئے کہ اب تو مذاکرات بھی شروع ہو گئے ہیں۔
سماعت کے دوران درخواستگزاروں کے وکیل نے کہا کہ بنچ نمبر ایک نے ایسی ہی درخواستوں میں 21 جنوری تک ضمانت دی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وہ اس بنچ نے دی ہے ہم نے 16 تاریخ تک دے رہے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔