لاہور: (دنیا نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کیخلاف تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمے میں ملزمان کے وکلاء کو گواہوں کے بیانات پر جرح کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے تحت تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کے خلاف کوٹ لکھپت جیل میں کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کی حاضری مکمل کی، شاہ محمود قریشی کی جانب سے ایڈووکیٹ رانا مدثر عمر عدالت میں پیش ہوئے۔
شاہ محمود قریشی نے دوران سماعت جج سے مکالمہ کیا کہ ہمارا ٹرائل اوپن کورٹ میں کیا جائے، ہمیں فیئر ٹرائل کا حق دیا جائے۔
انسداد دہشت گردی کے فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ جیل ٹرائل کا فیصلہ ہوچکا ہے کیس کو لٹکایا نا جائے۔
بعدازاں عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو گواہوں کے بیان پر جرح کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔