پشاور : (دنیانیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کر کے جعلی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے، بیرسٹر گوہر اور روف حسن کی گرفتاری سے ثابت ہوا کہ جعلی حکومت آخری سسکیاں لے رہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرکےجعلی سرکار اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، پولیس نے پی ٹی آئی کی مرکزی سیکرٹریٹ میں غیر قانونی طور کمپیوٹر اور اہم دستاویزات قبضے میں لیں، فارم 47 جعلی سرکار پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جعلی سرکار کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، مینڈیٹ چور سرکار کے خاتمے کے دن قریب آچکے ہیں، ملک میں حقیقی جمہوریت اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی آئی کی جد وجہد جاری رہے گی۔
بیرسٹر ڈاکٹرسیف کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکن مینڈیٹ چورسرکار کے جعلی ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔