اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن کو حراست میں لے لیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکٹر جی ایٹ میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا جہاں اسلام آباد پولیس نے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو حراست میں لے لیا۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچی ، بیرسٹرگوہر اور رؤف حسن اس وقت سیکرٹریٹ میں موجود تھے جبکہ ویمن پولیس بھی تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کے باہر موجود رہی۔
پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں موجود خواتین کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا گیا جبکہ پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے سیکرٹریٹ کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا ۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے اطراف میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی جبکہ قیدی وین بھی پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچی، پولیس کی جانب سے مزید گرفتاریوں کا خدشہ ہے، سیکرٹریٹ کی طرف جانے والے تمام راستے مکمل سیل کر دیئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا حب بنا ہوا تھا، مرکزی دفتر ڈیجیٹل دہشتگردی کا گڑھ تھا، تمام ثبوت تحویل میں لے لئے، پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا ملک دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی دفتر سے کرایا جاتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیل چلانے میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے پاس موجود آلات بھی قبضے میں لے لئے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی معلومات پر چھاپہ مارا گیا۔
اسلام آباد پولیس کی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی تردید
اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی خبروں کی تردید کر دی ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر اور چار خواتین کو گرفتار نہیں کیا گیا نیز پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے پولیس لیپ ٹاپ اوردستاویزات ساتھ لے کر نہیں گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی گھر پہنچ گئے
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کاکہنا ہے کہ انہیں گرفتار نہیں کیا گیا، وہ رؤف حسن کے ہمراہ گاڑی میں پولیس لائن گئے تھے۔
احمد خان بھچر
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔
ملک احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر کی گرفتاری کے خلاف اجلاس بلا رہے ہیں، اس پر بھرپور احتجاج کریں گے اور جب تک ہم لیڈروں کو رہا نہیں کروا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
بیرسٹرسیف کی پی ٹی آئی رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، بیرسٹر گوہر اور روف حسن کی گرفتاری سے ثابت ہوا کہ جعلی حکومت آخری سسکیاں لے رہی ہے۔