پشاور: (دنیانیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سکیورٹی جیسے اہم معاملات کو سیاست کی نذر کرنا مسلم لیگ ن کا پرانا وطیرہ ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاشوں کی سیاست مسلم لیگ ن ہی کا وطیرہ رہا ہے، ماڈل ٹاؤن میں خواتین اور بچوں کی لاشیں آپ ہی کی حکومت نے گرائی تھیں۔
بیرسٹر سیف نے مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انتشاری سیاست بھی مسلم لیگ ن ہی کا شیوا ہے، سپریم کورٹ پر حملہ اور اب ایک پھر سپریم کورٹ کے خلاف زہراگلنا واضح ثبوت ہے، جعلی حکومت کے پاس سیاسی بیان بازی کے سوا کچھ نہیں ۔
ان کاکہنا تھا کہ جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کی بڑھتی مقبولیت سے خائف ہے،اس جعلی حکومت کے وزراء بداحواسی میں کچھ بھی بول دیتے ہیں۔