لاہور: (دنیا نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج ملک میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال کے خلاف ہوگا، احتجاج بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے ہوگا، پاکستان کے ہر طبقے کو احتجاج میں شریک ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کو تباہ کر دیا ہے، میرا عوام کیلئے پیغام ہے آپ نے اپنے حقوق کیلئے نکلنا ہے، عوام نے آئندہ جمعہ کے احتجاج کو کامیاب کرنا ہے، جی ڈی اے سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، ارکان قومی اسمبلی کی خریداری کیلئے بڑی بڑی آفرز ہو رہی ہیں، ہمارے ارکان اسمبلی کو دباؤ میں لا کر وفاداریاں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 26 جولائی جمعہ کے روز ہی جماعت اسلامی پاکستان نے بھی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف اسلام آباد میں احتجاج و دھرنے کی کال دے رکھی ہے۔