اسلام آباد: (حریم جدون) ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے، بارشوں کی وجہ سے رواں ہفتے گرمی کی لہر میں کمی بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بروز بدھ 26 جون سے یکم جولائی کے دوران سندھ میں عمرکوٹ، میرپور خاص اور کراچی میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے جبکہ 27 جون سے اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور کئی مقامات پر تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا اپنی پیشگوئی میں مزید کہنا ہے کہ 26 جون سے 30 جون کے دوران بہاولپور، لودھراں، مظفرگڑھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، 28 جون سے یکم جولائی تک گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوا، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جون سے یکم جولائی کے دوران کے پی کے، چترال، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ سے بارش ہو سکتی ہے، 26 جون سے 28 جون کے دوران لسبیلہ، خضدار میں تیز ہوا اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
28 سے 30 جون تک تیز بارش کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی، نارووال میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، آندھی چلنے کے باعث روز مرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ہے، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔