رواں برس معمول سے 35 فیصد زائد بارشوں کا امکان

Published On 10 June,2024 05:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شدید گرمی کے بعد مون سون بھی ستم ڈھائے گا، محکمہ موسمیات نے سیزن کے دوران معمول سے 35 فیصد زیادہ بارشیں برسنے کا امکان ظاہر کر دیا۔

گرمی کی شدید لہر کے بعد اب مون سون کے دوران بارشوں نے بھی اپنے رنگ ڈھنگ دکھانے کی تیاری کرلی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ہمارے ملک میں سالانہ اوسطاً 188 ملی میٹر بارش ہوتی ہے جس میں سے کم و بیش اوسطاً 141 ملی میٹر بارش مون سون کے دوران برستی ہے جس کی مقدار اِس مرتبہ 35 فیصد زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کر دیا گیا ہے، اِس کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی وجہ سے لامحالہ گلیشئرز کے پگھلنے کی رفتار میں بھی تیزی آئے گی اور اس صورت حال میں دریاؤں میں سیلابی صورت پیدا ہونے کے امکانات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

اگرچہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے لیکن اب موسمیاتی تغیروتبدل نے تو جیسے اپنی مرضی کرنے کی ٹھان لی ہے۔

قرائن بتاتے ہیں کہ مستقبل میں صورت حال مزید خراب ہونے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

ادھر این ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی جس کے لیے مارچ سے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں، ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے عوام کو آگاہی فراہم کی ہے۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ معمول سے زیادہ بارشوں کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس پلان اپڈیٹ کیا ہے جبکہ 2022 میں جانی نقصان کی بڑی وجہ ہدایات پر عمل نہ کرنا تھا۔