فلسطین میں فوری جنگ بندی کرائی جائے: حافظ نعیم الرحمان کا مطالبہ

Published On 10 March,2024 06:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی کروائی جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے غزہ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں مسلسل بمباری کر رہا ہے، فلسطین میں پچاس ہزار سے زائد بے گناہ مسلمانوں کو قتل کر دیا گیا ہے، امریکہ سرعام اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ افسوس ہے ہمارے حکمران مسلم امہ کامقدمہ نہیں لڑسکتے، اس وقت ہر طرف سیاست بازی کا بازار گرم ہے، پارلیمنٹ کوغلاظت کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے، ہمیں اب وہ حکمران چاہئے جوعوام اورامت کا درد رکھے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ کوئی عرب ملک فلسطینیوں کی مدد کے لئے تیار نہیں، اسرائیل اب تک فلسطین میں اسی فیصد مکانات گرا چکا ہے، غزہ کے فوجی اکتوبر میں ہی اسرائیل کو شکست دے چکے تھے، اس وقت مغربی طاقتیں اسرائیل کو اسلحہ اور تعاون فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ریاستوں کو موت کا ڈر ہے، مسلم ریاستیں بیٹھ کرمحض فلسطین کی تباہی کا تماشا دیکھ رہی ہیں، ہمیں اب غلامی اور امریکہ سے آزادی چاہئے، قوم کو اب غلام ابن غلام نہیں رہنا، عنقریب انقلاب مسلمانوں اور فلسطینیوں کا مقدر ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کو چاہئے فوری اسرائیل کو لگام ڈالیں، فلسطین اس وقت لہولہو ہے۔