لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی طے شدہ پالیسی کے مطابق صدارتی انتخاب کا حصہ نہیں بنی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جعلی اسمبلیوں میں ہونے والا صدارتی انتخاب بھی ناجائز، غیر جمہوری ہے، وزیراعظم اور کابینہ جعلی الیکشن کی بنیاد پر عہدوں میں قابض ہیں، مینڈیٹ چوری کے نتیجے میں آنے والی حکومتیں عوامی مسائل حل نہیں کر سکتیں۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، نوجوان معاشرے کی تقسیم اور زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کے لئے مثبت کردار ادا کریں، نوجوان ذہین مگر وسائل نہ ہونے کے باعث بیرون ملک جانے پر مجبور ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پاکستان کو آگے لیجانے کا واحد راستہ تعلیم کو فروغ دینا ہے، قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں، ہمیں موقع ملا تو تعلیم کے لئے جی ڈی پی کا پانچ فیصد مختص کریں گے۔