اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم حلف اٹھاتے ہیں جب تک ہماری جان میں جان ہے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، آج ایوان صدرمیں آصف علی زرداری نے حلف اٹھایا ہے، چاروں اطراف ایسے چہرے تھے جو کئی سالوں سے ملک کو لوٹ رہے ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ افسوس وزیراعظم شہبازشریف کی پوری تقریر میں غزہ کا ذکر نہیں تھا، رمضان المبارک کے 27 ویں روزے جمعہ کو امریکی سفارتخانے کی جانب ملین مارچ کریں گے، ہم نے دوبارہ امریکی سفارت خانے کی طرف آنا ہے، فلسطینیوں کی حمایت میں واشنگٹن میں جلوس نکالا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر رمضان کے مہینے میں حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو ہم ایوان صدر یا امریکی سفارت خانے میں داخل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دو خاندان پاکستان پر مسلط ہوگئے ہیں، ان دوخاندانوں کی وجہ سے پاکستان کا خزانہ، تہذیب محفوظ نہیں ہے، انہی دوخاندانوں نے پاکستان کے خزانے کو نچوڑا ہے، یقین دلاتا ہوں ان دوخاندانوں کی آخری باری اور آخری وار ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلزپارٹی، (ن) لیگ نے 300 یونٹ بجلی مفت دینے کا اعلان کیا تھا، اگرمارچ کے مہینے میں 300 یونٹ پر بجلی کا بل آیا تو پھر تمہارا گریبان ہوگا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ اب جھوٹ کی سیاست نہیں چلے گی، ہم حقیقی حزب اختلاف کا کردارادا کریں گے۔