اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل نے دوہری شہریت پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف ملک عامر کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
الیکشن ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے دوہری شہریت پر کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف ملک عامر کی اپیل پر سماعت کی، الیکشن کمیشن کی جانب سے لیگل ٹیم میں ثمن مامون اور ضیغم انیس عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ایپلٹ ٹریبونل نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ صرف دوہری شہریت کا بتا دیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کا دوہری شہریت سے متعلق ججمنٹ دے رہا ہوں۔
جج ایپلٹ ٹریبونل نے بتایا کہ ہائی کورٹ کو چھوڑ دیں سپریم کورٹ کی کوئی ججمنٹ دیں جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ہم نے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست دی ہوئی ہے، وکیل الیکشن کمیشن نے مؤقف اپنایا کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرتے وقت انہوں نے دوہری شہریت کا ذکر تک نہیں کیا۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرنے کیلئے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست بہت ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل دیئے کہ 26 دسمبر کو انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی فارم میں دوہری شہریت کا ذکر نہیں، انہوں نے دوہری شہریت ترک کرنے کی درخواست 28 دسمبر کو دی ہے۔
عدالت نے دوہری شہریت رکھنے والے متوقع امیدوار ملک عامر کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔