اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونلز میں سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کے حلقہ این اے 242 سے شہباز شریف کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔
ایپلٹ ٹریبونل نے حلقہ این اے 242 سے شہباز شریف کے خلاف مسعود خان مندوخیل کی اپیل مسترد کر کے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔
میاں اظہر
حلقہ این اے 129 سے تحریک انصاف کے میاں اظہر کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے۔
ایپلٹ ٹریبونل لاہور کے جج جسٹس طارق ندیم نے اپیل پر سماعت کر کے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے میاں اظہر کی اپیل منظور کر لی۔
علی امین گنڈاپور
ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے امیدوار علی امین گنڈاپور کی اپیل منظور کر لی گئی۔
الیکشن ٹربیونل نے علی امین کی این اے 44، پی کے 112 اور 113 پر الیکشن لڑنے کے لئے اپیلیں منظور کر لیں۔
ذوالفقار مرزا اور فہمیدہ مرزا
کراچی کے حلقہ این اے 223 بدین سے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور انکی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیلیں خارج کر دی گئیں۔
دلائل سننے کے بعد الیکشن ٹریبونل نے فہمیدہ مرزا اور ذوالفقار مرزا کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ دونوں نے ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے پر الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا تھا۔
ثروت اعجاز قادری
سنی تحریک کے سابق سربراہ ثروت اعجاز قادری کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا۔
کراچی کے حلقے پی ایس 108 سے سنی تحریک کے سابق سربراہ ثروت اعجاز قادری کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کئے اور انہیں الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیا۔
ریٹرننگ افسر نے کہا کہ ثروت اعجاز قادری کے تجویز کنندہ کا تعلق دوسرے حلقے سے ہے۔
عباد فاروق
ایپلٹ ٹریبونل نے لاہور کے حلقہ پی پی 150 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عباد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے عباد فاروق کی اپیل مسترد کر دی۔
جمال رئیسانی
کوئٹہ سے این اے 264 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار جمال رئیسانی کے کاغذات بھی مسترد کر دیئے گئے۔
ایپلٹ ٹریبونل نے کوئٹہ کے حلقہ این اے 264 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار جمال رئیسانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔
عاطف میو، عمار علی جان
حلقہ پی پی 160 سے پی ٹی آئی کے عاطف ایوب میو اور عمارعلی جان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے عاطف ایوب میو اور عمار علی جان نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے ریمارکس دیئے کہ ایک بات ذہن میں رکھیں عدالت کھلے دل کے ساتھ بیٹھی ہے، ہم کسی امیدوار سے متعلق کوئی مائنڈ بنا کر نہیں آئے، آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کر رہے ہیں۔
محمد فاروق
ادھر پی ایس125 سے پی ٹی آئی کے محمد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
ایپلٹ ٹریبونل نے حلقہ پی ایس 125 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا۔
امجد خان، حسن زیب، آرزو فیصل
پی ایس116 سے تحریک انصاف کے امیدوار امجد خان، پی ایس118 سے پی ٹی آئی کے حسن زیب اور عبدالقیوم جبکہ پی ایس 63 حیدر آباد سے تحریک انصاف کی آرزو فیصل کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔
الیکشن ٹریبونل نے امیدواروں کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسران کے فیصلے کالعدم قرار دے دیئے۔
واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ 10 جنوری تک جاری رہے گا۔