تاندلیانوالہ: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے ورنہ آپ پچھتائیں گے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما ہمایوں اختر تاندلیانوالہ پریس کلب پہنچے، امیدوار پی پی 102 سکندر جتوئی، چودھری اشفاق، مہر ذوالفقار بھی ہمراہ تھے، صدر پریس کلب آصف جٹ نے ہمایوں اختر اور سکندر جتوئی کا استقبال کیا۔
ہمایوں اختر نے کہا کہ ہم نے باقاعدہ کمپین کا آغاز کر دیا ہے، حلقہ کے عوام کو ہم روڈ، سکول ہسپتال مہیا کریں گے، سیوریج، گیس اور باقی سب مسائل کا حل نکالیں گے، ہم تھانوں اور پٹوارخانوں میں لوگوں کی مدد کریں گے، جہاں پر لوگوں کو تنگ کیا جاتا ہے، اب اس علاقے میں تبدیلی آئے گی نہیں بلکہ آگئی ہے۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ہم اپنے علاقے کے ہر باشندے کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم شرافت کی سیاست کرتے ہیں، میں ایک جنرل کا بیٹا ہوں، میں پاکستان کی سطح کی سیاست کرتا ہوں۔
ہمایوں اختر خان نے تاندلیانوالہ کے تحصیل صدر ن لیگ چودھری اشفاق گجر اور ن لیگی رہنما سکندر جتوئی کا آئی پی پی میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی شمولیت سے علاقے کی ترقی میں مل کر کام کرنے کا موقع ملے گا، ہم نے علاقے کی پسماندگی ختم کرنے اور محرومیوں کے خاتمے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے۔