کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم وزیراعلیٰ ہاؤس سے اختیارات نکال کر اورنگی کی گلیوں میں لائے گی۔
رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے اورنگی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام نے ایک بڑاجلسہ کرکے تمام پارٹیوں کو پیچھے چھوڑ دیا، آنے والا وقت مظلوموں اور کراچی والوں کا ہے، بنارس پر کراچی کا دوسرا بڑا برج ایم کیوایم نے بنایا، اورنگی کے عوام کو کٹی پہاڑی اور شاہراہ قذافی کے راستے ایم کیو ایم نے بنا کر دیئے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم نے اورنگی ٹاؤن میں پانی کے متعدد منصوبے مکمل کئے، اورنگی ٹاؤن کےعوام کا پانی چوری کرکے اربوں روپے میں فروخت کر دیا جاتا ہے، ایم کیوایم کے دورمیں کراچی کی ترقی کے ساتھ ساتھ اورنگی کی ترقی بھی ہورہی تھی، ریاست چلانے والوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان کا موجودہ نظام اب آگے نہیں چل سکتا۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نےاٹھارویں ترمیم کے نام پرتمام اختیارات و سائل ہڑپ کرلئے، سندھ کے 22 ہزارارب روپے سے دبئی میں جائیدادیں بنائی گئیں، پاکستان لوٹنے والوں کی وجہ سے دبئی کی پراپرٹی بڑھ گئی، ایم کیو ایم آخری دم تک کراچی کے ہر فرد کو مردم شماری میں گنوا کر رہے گی۔
رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیل 70 سالوں سے بمباری کر رہا ہے، آج شور اس لئے ہے کہ پہلی مرتبہ یہودیوں کو مرنا پڑ رہا ہے، ایم کیو ایم پاکستان فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، فلسطین کے حق میں جمعہ کے روزایک عظیم الشان مظاہرہ کریں گے۔