ایم کیو ایم پاکستان کا فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا اعلان

Published On 14 October,2023 12:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے اگلے جمعہ فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ شاہراہ فیصل میں نرسری سے ریلی نکلے گی، ہم پورے کراچی سے ریلی میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں، فلسطین کے نہتے عوام کو اسرائیلی جارحیت سے بچایا جائے، غیرمعمولی صورتحال میں غیر معمولی اقدامات کرنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کشیدگی سے عالمی امن کو خطرہ ہے، لگتا ہے کہ ہم سب خطرے کی زد میں آجائیں گے، اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی، داخلی چپقلش کی وجہ سے اس قابل نہیں کہ ایسا کردار ادا کر سکیں جو عالم اسلام اور فلسطین کے عوام کیلئے دیرپا امن کی ضمانت فراہم کر سکے۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ فلسطین کی صورتحال اقوام عالم کے ضمیر کیلئے امتحان ہے، عالم اسلام کے حکمران خطرہ محسوس نہیں کر رہے، یہی وقت ہے کہ مسلمان خود باہر نکل کر دنیا کی توجہ انسانی المیے کی طرف دلا سکیں۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے صرف مذمت سے کام نہیں چلے گا، حکومت کو فلسطین کے حوالے سے واضح مؤقف دینا چاہیے، ہمیں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ضرورت ہے۔