اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ ہمیں گفتار کے غازی نہیں بلکہ کردار کے غازی درکار ہیں۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے نیب کے زیراہتمام سیرت النبیﷺ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، سیرت طیبہ کی جھلک ہمارے کردار میں نظر آنی چاہئے، اگر چاہتے ہیں کہ اللہ کے محبوب بن جائیں تو اس کے حبیب کی اتباع کرنا ہو گی۔
انیق احمد نے کہا نوجوان اپنا بہترین وقت دین سیکھنے میں صرف کریں، طلباء تسخیر کائنات کیلئے علم حاصل کریں اور پاکستان کی خدمت کریں، قرآن کریم کی کم از کم تین آیات کو روزانہ سمجھ کر پڑھنے کا آغاز کریں، سیرت کی پہلی کتاب قرآن کریم ہے، قرآن اور صاحب قرآن سے اپنا تعلق مضبوط رکھیں۔
نگران وفاقی وزیر نے مزید کہا حضورﷺ کا کردار اور اخلاق مجسم قرآن ہے، قوموں کی زندگی میں آزمائشیں آتی ہیں، مومن مایوس نہیں ہوتا، جو رسولﷺ تمہیں دیں لے لو اور جس سے روک دیں رُک جاؤ، یہ قرآن کا حکم ہے، اہل ایمان اللہ اور اس کے رسولﷺ سے ٹوٹ کر محبت کرتے ہیں۔