کراچی کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیا: انیق احمد

Published On 04 October,2023 05:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ میرا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا، الحمد للہ کراچی کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیا ہے، پاکستانی حجاج کو پہلے سے بہتر سہولتیں دیں گے۔

 

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد الحارثی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران انیق احمد نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلے میں بھرپور تعاون پر حکومتِ سعودی عرب کے دلی شکرگزار ہیں۔

وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سیرت میوزیم کا قیام ایک انقلابی قدم ہے، سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبد الکریم العیسی 15 نومبر کو سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، رابطہ عالم اسلامی متحرک اور فعال کردار ادار کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ آنے والے حج کے دوران حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا، دنیا بھر سے صرف 7 ممالک کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر رابطہ عالم اسلامی سعد الحارثی نے بتایا کہ سیرت میوزیم 8 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا۔