ملتان : (دنیانیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں سعودی عرب جانے والے بھکاریوں کے گروہ کو آف لوڈ کر دیا ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق 8 مسافر عمرے کے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے، شک کی بنیاد پر پوچھ گچھ کی گئی ، دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ پوری فیملی بھیک مانگنے کے لیے سعودی عرب جا رہی تھی۔
مسافروں کا تعلق لودھراں سے ہے جنہوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ایجنٹوں کی ملی بھگت سے سعودی عرب بھیک مانگنے کے غرض سے جا رہے ہیں۔
مسافروں کو سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا ، مسافروں میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں ۔
دوران تفتیش مسافروں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ تین ایجنٹوں نے سعودی عرب میں ہماری رہائش کے انتظامات کیے تھے، بھیک میں ملنے والی آدھی رقم ہم نے ایجنٹوں کو دینا تھی۔
عمرہ ویزہ کی مدت پوری ہونے کے بعد مسافروں نے واپس پاکستان آنا تھا۔
مسافروں کو مزید جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمپوزیٹ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل سکریٹری اوورسیز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی بیان دیا تھا کہ بیرون ملک جتنے بھکاری گرفتار ہوتے ہیں ان میں 90 فیصد پاکستانی ہوتے ہیں، دنیا میں سب سے زیادہ بھکاری پاکستان سے بیرون ملک جاتے ہیں۔