سرکاری و نجی اداروں پرحملوں، جلاؤگھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسندوں کی تعداد3185 ہوگئی

Published On 14 May,2023 12:58 pm

لاہور : (دنیانیوز) ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس کی طرف سے سرکاری و نجی اداروں پرحملوں، توڑ پھوڑ، تشدد، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 3185 تک جا پہنچی ہے ۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی پرتشدد کاروائیوں میں پنجاب بھر میں 152 پولیس افسران اور اہلکار شدید زخمی ہوئے جبکہ پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، نذر آتش کیا گیا۔

شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27، فیصل آباد پولیس کی 21، راولپنڈی پولیس کی 19 گاڑیاں تباہ کیں، میانوالی پولیس کی09، سیالکوٹ کی 05، گوجرانوالہ پولیس کی03 گاڑیاں شرپسند عناصر کا نشانہ بنیں۔

شرپسند عناصر نےملتان پولیس کی 04 گاڑیاں،اٹک کی 01، جھنگ01، ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی 01 گاڑی کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ پولیس کانسٹیبلری کی 03 جبکہ 08 نجی گاڑیاں بھی شرپسند عناصر کے ہاتھوں تباہ ہوئیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس سٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

اس ضمن میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کاکہنا ہے کہ نجی و سرکاری املاک، گاڑیوں کو تباہ و نذر آتش،شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔