اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں بغیر اجازت ریلی کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
رہنما تحریک انصاف اسد عمر اور راجہ خرم نواز سمیت 180 ملزمان کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا گیا، دفعہ 144کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر 38 شرکاء کو موقع سے گرفتار کیا گیا، شرکاء منع کرنے کے باوجود کار سرکار میں مداخلت اور نقص امن پیدا کرنے کے مرتکب ہوئے۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے، انتظامیہ نے شہر میں جلسے جلوس، ریلیوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔