اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حکومتی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق مشاورت ہوئی نہ اس کی ضرورت ہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 24, 2023
ان کا کہنا تھا کہ عوام، پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار شہباز شریف 11 اپریل 2022ء کو قومی اسمبلی کے قائد ایوان کا ووٹ لے چکے ہیں، من گھڑت افواہ حقیقت نہیں، میڈیا بغیر تصدیق وزیراعظم سے متعلق خبریں نہ چلائے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو طلب کر لیا
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک خبر زیرگردش تھی کہ سپریم کورٹ میں انتخابات سے متعلق کیس پر حکومت نے بھی جوابی حکمت عملی بنا لی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ لینے پر غور شروع کر دیا ہے۔