وزیر اعظم شہباز شریف قیدیوں کے ساتھ عید منانے سنٹرل جیل لاہور پہنچ گئے

Published On 22 April,2023 04:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے پہلے روز سینٹرل جیل لاہور کا دورہ کیا اور قیدیوں میں تحائف تقسیم کیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران قیدیوں سے ملاقات کی اور خواتین سے ان کے مسائل بھی سنے، وزیر اعظم نے جیل کے ہسپتال کا بھی دورہ کیا، سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے وزیر اعظم کو جیل میں سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے جیل میں قیدیوں کیلئے ذاتی صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کی یقینی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بیمار قیدیوں کے مناسب علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے، جیل میں قیدیوں کی ضمانت اور قانونی چارہ جوئی کیلئے امداد کا انتظام کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف کا سروسز چیفس کو فون، عیدالفطر کی مبارکباد دی

وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے آئی جی جیل خانہ جات اور آئی جی پنجاب کو قیدیوں کی فلاح و بہبود اور سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ اور حکمت عملی ایک ہفتہ میں ترتیب دینے کی ہدایت کر دی۔

قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آپ لوگ اپنے گھر والوں سے دور بیٹھے ہیں میں دو بار اس جیل میں رہا ہوں، مجھے معلوم ہے بعض کیسز میں بہت تاخیر ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ آپ کو جلد گھر لے جائے۔