فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایک اور آڈیو ٹیپ منظر عام پر آچکی ہے، یہ آڈیو ٹیپ بھی ہمارے مؤقف کی تائید کر رہی ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ یہ آڈیو ٹیپ بھی گواہی ہے کہ مسلم لیگ ن اور اس کی لیڈرشپ سے زیادتیاں کی گئیں، پنجاب میں انتخابات کا بہانہ بنا کر پھر مخصوص ماحول بنایا جا رہا ہے تاکہ اس کا فائدہ عمران خان کو ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص جج صاحبان نے مخصوص فیصلے اپنے گھر والوں کی پسند ناپسند پر کئے، اس کام کا آغاز سال 2017ء سے ہوا، ایسا ماحول بنایا گیا کہ جو اہل اور کام کرتے تھے ان کو نااہل کیا گیا، جو نااہل تھا اسے صادق اور امین بنایا گیا۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ملک میں ماحول بنایا گیا کہ عمران خان ہی وزیرِ اعظم بنے گا، دوسرے لوگوں کو نیب مقدمات، گرفتاریاں اور قید و بند کی سزائیں دی گئیں، نااہل کیا جاتا رہا، عمر قید کی سزائیں دی جاتی رہیں، سوموٹو اور 184 تھری کو اب دوبارہ استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان نے پاکستان کی عزت چھوڑی نہ غریب کی روٹی چھوڑی، انہوں نے ترقی کرتے پاکستان کو ڈیفالٹ تک پہنچا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بیرون ملک کوئی دوست بچا نہ کشمیر بچا، عمران خان مکمل فیل اور تحریک عدم اعتماد سے سیاست سے باہر ہوگیا، ان کو بلانے کے لئے پھر سوموٹو، 184 تھری اور مخصوص فیصلے کئے گئے، مخصوص جج صاحبان خاص قسم کے فیصلے کرنے شروع ہوئے، ایسے فیصلے جو آئین اور پارلیمنٹ کے بنائے قوانین کے مطابق نہیں، ایسے فیصلے جو اپنے گھر والوں، سسرال، اپنے بچوں کی خواہش پر کئے گیے۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ سال 2017ء میں گیلریوں میں اپنے بچوں، گھر والیوں کو بٹھا کر فیصلہ سنایا گیا، نواز شریف کو نااہل کیا گیا تھا تو گیلری میں ان کے بچوں اور گھر والیوں نے تالیاں بجائیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اب پھر ایک ساس اپنے داماد کو حکم دے رہی ہے کہ کیا کرنا ہے، پاکستان کے آئین میں ساس کی تعظیم کا حکم نہیں، آئین کی عزت کا حکم ہے۔