لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں شواہد ہوتے ہوئے بھی لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان اور ان کی جماعت کی مدد کی جا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ایک ادارے میں سیاسی چپقلش شروع ہو گئی ہے، انصاف کا معیار سب کیلئے برابر ہونا چاہیے، رافعہ طارق صاحبہ اگر یہ دعویٰ کر رہی ہیں کہ وہ اپنے تعلق کی بنا پر ان ججز اور عدالتوں سے مقدمات میں فیصلے لینے میں اثر انداز ہو سکتی ہیں تو یہ بہت خطرناک بات ہے، میری درخواست ہو گی کہ ایف آئی اے اس بات کی تحقیقات کرے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک احمد خان نے مزید کہا ہے کہ پارلیمان کا اختیار ہے وہ قانون سازی کرے، پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اسے ڈکٹیٹ نہیں کیا جا سکتا، ایک صوبے میں پہلے انتخابات دوسرے انتخابات پر اثر انداز ہوں گے، جو آج صورتحال پیدا ہوئی اس پر بات نہ کرنا بھی جرم ہے، عوام کا اعتماد انتخابی عمل سے اٹھانے سے بڑی سازش نہیں ہو سکتی۔
ملک احمد خان نے کہا کہ چاہتے ہیں ملک میں انتخابات ایک ہی روز میں ہوں، کچھ معاملات اتنے بگڑ گئے ہیں کہ کچھ کہنے کی گنجائش نہیں، فارن فنڈنگ کیس میں شواہد ہوتے ہوئے بھی لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان اور ان کی جماعت کی مدد کی جا رہی ہے، عوام کے اربوں روپے ہیں، جیسے اعجاز چودھری پیسے مانگ رہا ہے کہ کروڑ روپے لاؤ آپ کو عمران خان سے ملوا دیتے ہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے مزید کہا ہے کہ جب پنجاب اسمبلی کے 25 ممبران کے خلاف فیصلہ آیا تو آئین و قانون سمجھنے والے ہر شخص نے کہا کہ آئین کو ری رائٹ کیا گیا ہے، ایک جرم جس کو ایک طرف آپ کہہ رہے ہیں کہ ہوا نہیں لیکن نااہل بھی کر رہے ہیں اور ساتھ یہ بھی کہہ رہے ہیں ووٹ ڈالے تو جائیں گے لیکن شمار نہیں ہوں گے۔