لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی اور 90 دن میں الیکشن ہونا لازمی ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدالتی نظام کو مذاق بنا لیا گیا ہے، یہاں عدالت حکم دیتی ہے اور عمل نہیں ہوتا، آئین کے تحت سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہے، کوئی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکار نہیں کر سکتی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین کے تحت 90 دن میں الیکشن ہونا لازمی ہیں، ہم عدلیہ کی عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں، آج وکلاء معمول کے مطابق عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، پورا پاکستان سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہو کر آئین کیلئے جدوجہد کرے گا، ن لیگ کی عدلیہ پر حملوں کی تاریخ پرانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے، مذاکرات کی دعوت وزیراعظم نے دینی ہے، بات چیت کیلئے مذاکراتی وفد بنا دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ اظہر صدیق کے گھر پر رات کو حملہ کیا گیا، ان کے گھر پر پٹرول بم پھینکا گیا، اظہر صدیق کو ڈرانے کی کوشش کی گئی۔
حماد اظہر نے کہا کہ حکمرانوں کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں، ظل شاہ پولیس تشدد سے جاں بحق ہوا، ظل شاہ پر پولیس والے پریشان ہیں کہ کون سا بیان دیں، پولیس اکیلے میں بتاتی ہے کہ ہم پر دباؤ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اظہر صدیق کے گھر پر پٹرول بم پھینک کر انہیں ڈرانے کی کوشش کی گئی۔