پاناما طرز پر ٹیریان کیس بھی روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے: عطا اللہ تارڑ

Published On 01 March,2023 04:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، پٹرول کی قیمت میں کمی کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، عوامی نمائندہ اثاثے چھپانے پر نااہل ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ ایک وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، دوسری طرف عمران خان مسلسل عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں، اگر عمران خان صادق اور امین ہیں تو کیوں چھپ رہے ہیں، عمران خان نے آج تک غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں کیا، جب بیٹی کا سوال پوچھا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے عمران خان ایم این اے نہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا باقی جماعتوں پر یہ قانون لاگو کیا جائے اور آپ پر نہ ہو، عمران خان کیس میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں، یہ کیس صرف بیٹی کو چھپانے کا نہیں جھوٹے بیان حلفی کا بھی ہے، لاس اینجلس کورٹ کا آرڈر سب کے سامنے ہے، اگلے ہفتے اس کیس کی سماعت ہو گی، عمران خان نے عدالتوں میں جھوٹے بیان حلفی جمع کرائے، اگر چھپانے کیلئے کچھ نہیں تو پھرعدالت کے دائرہ کار کو کیوں چیلنج کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھی دائرہ اختیار کو چیلنج کیا گیا تھا، عمران خان اس کام کے ماسٹر ہیں، عدالتوں میں مسلح جتھے لیکر جانے کی روایات اچھی نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں کے ساتھ افسوسناک واقعہ ہوا، عمران خان چاہتے ہیں یہ کیس یہاں پر نہ سنا جائے، پبلک آفس ہولڈر کو کوئی چیز چھپانے کا حق نہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاناما کیس طرز پر روزانہ کی بنیاد پر ٹیریان کیس کو بھی سنا جائے، عمران خان کو جواب دینا ہو گا اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، انہوں نے گوشواروں میں ذاتی معلومات چھپائی ہیں، ہم الیکشن کے حامی اور الیکشن کروانا چاہتے ہیں، آرٹیکل 224 کی تشریح کون کرے گا، سارے معاملات غور طلب ہیں، قانونی اور آئینی ابہام کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔