عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی: مریم نواز

Published On 23 February,2023 05:36 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کا ذمہ دار عمرانی ٹولہ ہے، فتنہ خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سرگودھا کے عوام کو نواز شریف کا سلام، میری بہنیں بڑی تعداد میں کنونشن میں شریک ہوئیں، مشکل وقت میں بھی سرگودھا کے عوام نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، سرگودھا نواز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے، پاکستان اور نواز شریف کا مقدمہ لے کر آئی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ سازش کا سن سن کر کان تھک گئے، سازش گھڑی چور نہیں نواز شریف کے خلاف ہوئی، نواز شریف عوام کی طاقت سے اقتدار میں آتا ہے، نواز شریف سے اقامہ پر اقتدار چھین لیا گیا، عمرانی ٹولے کوفتنہ خان کی شکل میں کٹھ پتلی چاہیےتھی، 5 کا ٹولہ آج ملکی حالات کا ذمہ دار ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کی حالیہ ویڈیو حقائق سے پردہ اٹھانے کیلئے کافی ہے، ن لیگ انتخابات کی تیاری کیلئے میدان میں اترچکی ہے، عوام کی حمایت سے انتخابات جیت کر دکھائیں گے، ازخود نوٹس پر سماعت کرنے والے بنچ کے بعض ججز پر تحفظات ہیں، پاکستان بار کونسل نے بھی ان ججز پرتحفظات کا اظہارکیا۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن الیکشن سے نہیں ڈرتی، آج نیپیاں بدلنے کی ذمہ داری پرویز الہٰی نے اٹھا لی ہے، بزدل 5 ماہ سے ٹانگ ٹانگ پر پلاسٹر لگائے بیٹھا ہے، آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ ہم نے نہیں فتنہ خان نے کیا تھا۔