عوام نے جیل بھرو تحریک اور عمران خان کی منفی سیاست مسترد کر دی: رانا ثنا اللہ

Published On 22 February,2023 10:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عوام نے جیل بھرو تحریک اور عمران خان کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پی ٹی آئی کے معصوم کارکنوں کو اپنی سازش کیلئے استعمال کرنا چاہتا تھا لیکن جیل بھرو تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی فلاپ ہو گئی، جیل بھرو تحریک کیلئے 300 سے 400 لوگ جمع ہوئے، حکومت نے 500 افراد کی گرفتاری کا بندوبست کر رکھا تھا، 3 گاڑیوں میں 80 کے قریب لوگ بیٹھے جنہیں حراست میں لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار کارکنوں کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا

وزیر داخلہ نے مزید کہا عمران خان ٹولے کے تین چار لوگ قابو میں آ گئے ہیں، انہوں نے آج تک دعوے کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، عمران خان فساد پھیلا رہا ہے، انہوں نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمنی میں تبدیل کر دیا ہے، سیاسی مخالفت کے باوجود شہباز شریف نے کہا آئیں میثاق معیشت کرتے ہیں، عمران خان ہمیں دشمن سمجھتے ہیں تو ہم بھی انہیں دشمن سمجھتےہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان انتقام کی سیاست پر یقین رکھتا ہے، انہوں نے اپنے دور میں لوٹ مار کے علاوہ کچھ نہیں کیا، قوم کو یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم لوگ سیاسی مخالفین کے ساتھ سیاسی مقابلہ کرتے ہیں، ہم پاکستان کو بحران سے نکالنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔